Total Pages Published شائع شدہ صفحات


Best Viewed Using Jameel Noori Nastaleeq - Please Click "How to Enjoy this Web Book"

Best Viewed Using Jameel Noori Nastaleeq - Please Click  "How to Enjoy this Web Book"
How to Enjoy this Web Book - Click Above ... اس ویب کتاب سے لطف کیسے اٹھائیں - اوپر کلک کریں

Amazon in association with JUSTUJU presents

English Translations

Webfetti.com

Please Click above for Akhgar Poetry in English

Friday, August 14, 2009

آفرینش حضرت امام حُسینؓ ...بادِ نسیم آئی ہے، نکہت لیے ہوئے .. .خیاباں







آفرینش حضرت امام حُسینؓ



بادِ نسیم آئی ہے، نکہت لیے ہوئے

ابرِ بہار سایۂ رحمت لیے ہوئے


حور و ملک ارادۂ طلعت لیے ہوئے

ہر اہتمامِ جشنِ ولادت لیے ہوئے


کچھ آئے ہیں بہشت سے خلعت لیے ہوئے

اور بے شمار دید کی حسرت لیے ہوئے


جن و بشر بھی حُسنِ عقیدت لیے ہوئے

گویا مُصافِ زیست سے مُہلت لیے ہوئے


ہیں ایستادہ ہدیۂ مدحت لیے ہوئے

ارمانِ دید و دیدۂ حسرت لیے ہوئے


آئے حُسینؑ شانِ سیادت لیے ہوئے

عشقِ نبیؐ کلاہِ امامت لیے ہوئے

٭


سبطِ نبیؐ ، نبیؐ کی شباہت لیے ہوئے

اپنے پدر کی شانِ جلالت لیے ہوئے


چہرہ پہ ایک نُورِ صداقت لیے ہوئے

ذہنِ رسا میں گنجِ فراست لیے ہوئے


احیأ دینِ حق کی امانت لیے ہوئے

قسمت میں کربلا کی مسافت لیے ہوئے


لہجے میں انگبیں کی حلاوت لیے ہوئے

فطرت میں صبر و شکر کی عادت لیے ہوئے


عزمِ نبیؐ ، علیؓ کی شجاعت لیے ہوئے

عظمت کی ایک ایک علامت لیے ہوئے


ایماں کی اپنے خوں میں حرارت لیے ہوئے

اور اپنے آب و گِل میں امامت لیے ہوئے


٭


دیکھو علیؓ بھی شوقِ زیارت لیے ہوئے

تشریف لائے چشمِ عنایت لیے ہوئے


لب پر درود، قلب میں رقّت لیے ہوئے

لطف و کرم بدرجۂ غایت لیے ہوئے


بیٹھی تھیں فاطمہؓ نئی صورت لیے ہوئے

حُسنِ تمام و غیرت و عصمت لیے ہوئے


جنّت کے ماہ پاروں کی رنگت لیے ہوئے

روشن جبیں، کمالِ حمیّت لیے ہوئے


شہکارِ دستِ خالقِ فطرت لیے ہوئے

انعامِ خاص حسبِ طبیعت لیے ہوئے


بنتِ نبیؐ ہیں کیسی امانت لیے ہوئے

گودی میں شاہزادۂ ملّت لیے ہوئے


٭


نانا جبیں پہ نُورِ رسالت لیے ہوئے

اور شوقِ دیدِ ماہِ امامت لیے ہوئے


ہر جنبشِ نظر میں بصیرت لیے ہوئے

ہر حرفِ تہنّیت میں بشارت لیے ہوئے


آغوشِ لطف و سایۂ رحمت لیے ہوئے

سینے میں رمزِ نورِ مشیّت لیے ہوئے


آنکھوں میں اعتبارِ مُسرّت لیے ہوئے

تشریف لائے خاص محبّت لیے ہوئے


بیٹھی ہیں فاطمہؓ نئی دولت لیے ہوئے

یعنی کہ قلب و روح کی راحت لیے ہوئے


مولود کی جبیں تھی بشارت لیے ہوئے

اُمّت کی مغفرت کی ضمانت لیے ہوئے


٭


حُبِّ نبیؐ کی دل میں تمازت لیے ہوئے

اک کاروانِ صبر و قناعت لیے ہوئے


پہنچیں گے ایک شانِ امامت لیے ہوئے

یہ کربلا میں وعدۂ بیعت لیے ہوئے


فرمانِ مصطفیٰ کی اشاعت لیے ہوئے

سب کے لیے پیامِ محبّت لیے ہوئے


حُسنِ نظر، نگاہِ مُروّت لیے ہوئے

خالص برادرانہ رفاقت لیے ہوئے


ثابت قدم، عنانِ قیادت لیے ہوئے

قلبِ سلیم و چشمِ بصیرت لیے ہوئے


اپنے لہو میں خُلد کی قیمت لیے ہوئے

اک مژدۂ بقا، پئے اُمّت لیے ہوئے


٭


میں بھی ہوں داخلے کی اجازت لیے ہوئے

دل میں کمالِ حُسنِ عقیدت لیے ہوئے


زورِ قلم نہ زعمِ ذہانت لیے ہوئے

کوئی ہُنر نہ کوئی مہارت لیے ہوئے


شُہرت کا کوئی خواب نہ حسرت لیے ہوئے

آنکھوں میں صرف اشکِ ندامت لیے ہوئے


قلب و نظر میں عجز کی وسعت لیے ہوئے

وسعت جو کوئی قد ہے نہ قامت لیے ہوئے


اخگرؔ نہ اپنی قدر، نہ قیمت لیے ہوئے

پروانہ خود ہے شمع کی صورت لیے ہوئے


آنکھیں متاعِ جشنِ ولادت لیے ہوئے

یعنی بہارِ رنگِ شہادت لیے ہوئے


٭


No comments:

Site Design and Content Management by: Justuju Media

Site Design and Content Management by: Justuju Media
Literary Agents & Biographers: The Legend of Akhgars Project.- Click Logo for more OR eMail: Justujumedia@gmail.com