ختمِ سفر جو عزمِ سفر ہوکے رہ گیا
راہی غبارِ راہِ گزر ہوکے رہ گیا
ختمِ سفر جو عزمِ سفر ہوکے رہ گیا
راہی غبارِ راہِ گزر ہوکے رہ گیا
زخمی جو دل کے ساتھ جگر ہوکے رہ گیا
شرمندہ ان کا تیرِ نظر ہوکے رہ گیا
تعبیرِ خوابِ حسرتِ تعمیر مل گئی
میرا مکان ہی مرا گھر ہوکے رہ گیا
دل اپنا عزمِ ترکِ تعلّق پہ بارہا
مائل ہوا ضرور مگر ہو کے رہ گیا
نالہ دلِ حزیں سے نکلنے سے پیشتر
راز آشنائے بابِ اثر ہوکے رہ گیا
جلوہ نما عطیۂ تابِ نظر بھی دے
خورشید ِ دل تو صرف نظر ہوکے رہ گیا
سب جانتے ہیں کس کے اشارے پہ دفعتاً
دو ٹکڑے آسماں پہ قمر ہوکے رہ گیا
اخگرؔ خیالِ سود و زیاں سے بَری ہوا
سودا بہ سر جو خاک بہ سر ہوکے رہ گیا
٭
No comments:
Post a Comment