Total Pages Published شائع شدہ صفحات


Best Viewed Using Jameel Noori Nastaleeq - Please Click "How to Enjoy this Web Book"

Best Viewed Using Jameel Noori Nastaleeq - Please Click  "How to Enjoy this Web Book"
How to Enjoy this Web Book - Click Above ... اس ویب کتاب سے لطف کیسے اٹھائیں - اوپر کلک کریں

Amazon in association with JUSTUJU presents

English Translations

Webfetti.com

Please Click above for Akhgar Poetry in English

Wednesday, July 8, 2009

رنگ فروزاں نہیں رہا






رنگ نمایاں نہیں رہا





پلکوں پہ دل کا رنگ فروزاں نہیں رہا

اب ایک بھی دیا سرِ مژگاں نہیں رہا


قلبِ گداز و دیدہء تر تو ہے اپنے پاس

میں شاد ہوں کہ بے سروساماں نہیں رہا


آنکھوں میں جل اُٹھے ہیں دیئے انتظار کے

احساسِ ظلمتِ شبِ ہجراں نہیں رہا


تُجھ سے بچھڑ کے آج بھی زندہ تو ہُوں مگر

وہ ارتعاشِ تارِ رگِ جاں نہیں رہا


کیونکر نہ کُفرِ عشق پہ ایماں لائیے

سُنتے ہیں اب وہ دشمنِ ایماں نہیں رہا


اب آئے ہیں وہ پُرسِشِ احوال کے لیے

جب اعتبارِ عُمرِ گُریزاں نہیں رہا


ساکت ہُوا ہے جتنا تُجھے دیکھنے کے بعد

اتنا تو آئینہ کبھی حیراں نہیں رہا


امکانِ باریابیء دربارِ حُسن ہو

ہم کو دماغِ مِنّتِ درباں نہیں رہا


اخگرؔ وہ دن بھی دُور نہیں جب کہیں گے لوگ

محفل میں ایک اور غزل خواں نہیں رہا


* * *


No comments:

Site Design and Content Management by: Justuju Media

Site Design and Content Management by: Justuju Media
Literary Agents & Biographers: The Legend of Akhgars Project.- Click Logo for more OR eMail: Justujumedia@gmail.com